یہ بچہ کیسا بچہ ہے

Print Friendly, PDF & Email

ابن انشا

یہ بچہ کیسا بچہ ہے
یہ بچہ کالا کالا سا
یہ کالا سا مٹیالا سا
یہ بچہ بھوکا بھوکا سا
یہ بچہ سوکھا سوکھا سا
یہ بچہ کس کا بچہ ہے
یہ بچہ کیسا بچہ ہے
جو ریت پہ تنہا بیٹھا ہے
نہ اس کے پیٹ میں روٹی ہے
نہ اس کے تن پر کپڑا ہے
نہ اس کے سر پر ٹوپی ہے
نہ اس کے پیر میں جوتا ہے
نہ اس کے پاس کھلونوں میں
کوئی بھالو ہے، کوئی گھوڑا ہے
نہ اس کا جی بہلانے کو
کوئی لوری ہے، کوئی جھولا ہے
نہ اس کی جیب میں دھیلا ہے
نہ اس کے ہاتھ میں پیسا ہے
نہ اس کے امی ابو ہیں
نہ اس کی آپا، خالہ ہے
یہ سارے جگ میں تنہا ہے
یہ بچہ کس کا بچہ ہے

Share this: