چینی کمپنی کا اپنی کورونا ویکسین کا 10 لاکھ افراد پر کامیاب تجربے کا دعویٰ

Print Friendly, PDF & Email

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینو فارم کے چیئرمین لی یو جنگژین نے چینی سوشل میڈیا سائٹ وی چیٹ پر اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ہماری ویکسین کو تاحال ایمرجنسی مقاصد کے تحت تجرباتی بنیادوں پر 10 لاکھ افراد پر استعمال کرایا جاچکا ہے۔چیئرمین سینو فارم نے مزید لکھا کہ یہ ویکسین دنیا بھر میں 150 ممالک کے رضاکاروں میں تجرباتی بنیاد پر لگائی گئی جب کہ چین میں تعمیراتی ورکرز، سفارت کاروں اور طلبا کو استعمال کرائی گئی اور ان میں سے کسی کو بھی کورونا نہیں ہوا اور نہ مضر اثرات سامنے آئے۔اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سینوفارم کے چیئرمین لی یو جنگژین نے دعویٰ کیا تھا کہ ویکسین استعمال کرنے والے 56 ہزار افراد بیرون ملک بھی گئے اور ایئرپورٹس پر ان کے ٹیسٹ ہوئے جو سب کے سب منفی آئے، یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔چیئرمین سینو فارم نے مزید لکھا کہ دفاتر کے جن ملازمین کو ویکسین لگائی گئی تو جب اُن کے آفس میں کورونا وبا پھوٹی تو ان ملازمین کو کورونا نہیں ہوا۔ سینو فارم کی کورونا ویکسین کی آزمائش پاکستان سمیت 10 سے زائد ممالک میں آخری مراحلے میں داخل ہوچکا ہے۔

Share this: