ایپل نے موٹرسائیکل کی وائبریشن کو آئی فون کے لیے خطرناک قرار دے دیا

Print Friendly, PDF & Email

ایپل نے آئی فون کے استعمال کنندگان کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر سائیکل کی وائبریشن آپ کے آئی فون کے لیے خطرناک ہے۔ ایپل نے آئی فون کے لیے جاری ہونے والے نئے سپورٹنگ ڈاکومنٹس میں وارننگ دی ہے کہ آئی فون کو ہیوی موٹر سائیکل سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔ آئی فون رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ موٹر سائیکل سے پیدا ہونے والے ارتعاش(وائبریشن) سے اپنے فون کو بچائیں، کیوں کہ طاقت ور موٹر سائیکلوں سے پیدا ہونے والی وائبریشن آپ کے فون میں کیمرے اور دیگر مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل مالکان کو چاہیے کہ کسی نقصان سے بچنے کے لیے وائبریشن برداشت کرنے والے ماؤنٹ استعمال کریں، کیوں کہ موٹر سائیکل کے انجن سے پیدا ہونے والی وائبریشن فون کے ’آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن‘ یا ’ کلوزڈ لوپ آٹو فوکس سسٹمز‘ کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اس بارے میں ایپل کا مزید کہنا ہے کہ آئی فون کے متعدد ماڈلز وائبریشن سے حساس ہیں۔ آئی فون کے کیمرہ لینسز آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن (او آئی ایس) کے ارتعاش سے نقصان کی وجہ یہ ہے کہ یہ ویڈیو یا تصاویر بناتے، حرکت اور وائبریشن میں مدد دینے کے لیے گائرو اسکوپس اور مقناطیسی سینسرز استعمال کرتے ہیں۔ آئی فون میں او آئی ایس اور آٹو فوکسڈ سسٹم پائیداری کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں، تاہم کنزیومر الیکٹرانکس میں او آئی ایس جیسے سسٹم کو اگر زیادہ دیر تک ایک مخصوص فریکوئنسی پر وائبریشن پر رکھا جائے تو اس سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے جس کا براہِ راست اثر ویڈیو یا تصویر کے معیار پر مرتب ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایپل نے اپنے استعمال کنندگان کو ہدایات دی ہیں کہ وہ موٹر سائیکل کے چیچس یا ہینڈل بار سے آئی فون کو براہِ راست منسلک نہ کریں۔ جب کہ کسی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ ہینڈل بار یا چیچس پر وائبریشن جذب کرنے والے ماؤنٹ میں آئی فون لگائیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی آئی فون کے بہت سے استعمال کنندگان نے موٹر سائیکل سے منسلک کرنے پر اپنے فون کو پہنچنے والے نقصان کی شکایات کی ہیں۔

Share this: