گوجرانوالہ:پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف مظاہرہ جماعت اسلامی کے قائدین کا خطاب

جماعت اسلامی یوتھ گوجرانوالہ کے زیراہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بے روزگاری کے خلاف شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ضلعی صدر بشارت علی صدیقی، حافظ حمیدالدین اعوان اور دیگرنے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بشارت علی صدیقی اور حافظ حمیدالدین اعوان نے کہا کہ حکومت نے بلاجواز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر پیٹرول بم برسایا ہے جو ظلم کی انتہا ہے، کیونکہ جب پیٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہر چیز کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں جس سے غریب آدمی بری طرح متاثر ہوتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس نااہل حکومت سے جان چھڑائی جائے، کیونکہ ریاست مدینہ کے نام پر پاکستانی قوم کو دھوکا دیا گیا ہے۔
عدالتی احکامات کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ میں نون لیگ کے منتخب میئر، ڈپٹی میئر نے دوبارہ چارج سنبھال لیا اورکارپوریشن کی حدود میں شامل تمام یونین کونسلوں اور چیئرمینوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کردیا، جبکہ کمشنر سے کارپوریشن کی گاڑی واپس مانگ لی گئی، اس کے علاوہ بعض ملازمین کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے، جبکہ حکومتی اداروں نے تاحال خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز نون لیگ کے میئر شیخ ثروت اکرام، ڈپٹی میئرز سلمان خالد پومی بٹ اور رانا مقصود وغیرہ نے دوبارہ بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ کارپوریشن دفتر جاکر چارج سنبھالا اور بطور میئر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو لیٹر ارسال کرتے ہوئے تمام یوسیز اور چیئرمینوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ آفس آرڈر جاری کرتے ہوئے تمام افسروں و ملازمین کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ روزانہ صبح9سے دوپہر 2بجے تک حاضری کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ میئر نے جونیئر کلرک اور دیگر ملازمین کی تعیناتی کے بھی احکامات جاری کردیئے۔