سبز چائے اور بڑھاپا

Print Friendly, PDF & Email

سبز چائے کے متعلق ایک اور خاصیت سامنے آئی ہے جس کے مطابق اس نے چوہوں کی عمر میں اضافہ کیا اور ان میں عمررسیدگی کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایجنگ یو ایس نامی سائنسی جریدے میں ایک تحقیقی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سبز چائے میں قدرتی فینول اور اینٹی آکسیڈنٹ پایا جاتا ہے جس سے چوہوں کی پھرتی، چستی اور عمر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کیمیکل کو کیٹچن کا نام دیا گیا ہے۔
مذکورہ بالا جزو مائٹوکونڈریائی تنفس کو بہتر کرتا ہے، چربی گھلاتا ہے اور زندگی پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ اس طرح کیٹچن کے مسلسل استعمال سے بلڈ پریشر بہتر رہتا ہے، وزن کم ہوتا ہے، اور ذیابیطس (ٹائپ ٹو) میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
سبز چائے میں پولی فینول نامی جادوئی اجزا پائے جاتے ہیں جن میں ایپی گیلوکیٹچن گیلٹ، ایپی کیٹچن گیلٹ، ایپی کیٹچن اور دیگر شامل ہیں جو مشترکہ طور پر ٹھوس سفوف میں 30 سے 42 فیصد مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔
تاہم تحقیق یہ بتاتی ہے کہ پیچیدہ انسانی جسم میں جانے کے بعد بعض اقسام کے پولی فینولز کی تاثیر بہت ہی کم رہ جاتی ہے۔ انسانوں میں فوائد کے لیے ضروری ہے کہ اسے جگر کے پیچیدہ ہاضمے والے عمل سے محفوظ رکھا جائے تاکہ یہ جسم میں شامل ہوسکے، اور اس ضمن میں مزید تحقیق کی جارہی ہے۔ لیکن ماہرین کا اصرار ہے کہ اس کے باوجود سبز چائے کے حیرت انگیز مفید اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

Share this: